🟠 کوئٹہ: کالعدم مسلح تنظیم کے آپریشن ہیروف 3 کا خطرہ، ‘تھریٹ الرٹ’ جاری ، فوجی تنصیبات، سرکاری عمارات، پولیس اسٹیشنز ، مختلف بینکوں اور دیگر اہم اداروں کو حدف بنایا جاسکتا ہے
🔶 کوئٹہ سینٹرل پولیس آفس (CPO) بلوچستان کی جانب سے ایک فوری نوعیت کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں بلوچستان اور کراچی میں مسلح حملوں کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے انتہائی سخت سیکیورٹی نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
🔶 پولیس نے انٹیلیجنس اطلاعات کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں مقیم کالعدم تنظیم کی قیادت بلوچستان اور کراچی میں “ہیروف 3” نامی نئے آپریشن کے تحت دہشت گردی کے ایک نئے مرحلے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس خطرناک کارروائی کی قیادت مبینہ طور پر ‘کیپٹن رحمان گل’ نامی شخص کر رہا ہے۔
🔶 حکام کے مطابق دہشت گردوں کے ممکنہ اہداف میں فوجی تنصیبات، سرکاری دفاتر و عمارات، پولیس اسٹیشنز، سول پیٹرول پمپس، بینک اور دیگر اہم ادارے شامل ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان حملوں میں خودکش بمباروں کا استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ مسلح تنظیم نے مذکورہ اہم مقامات کی ریکی (نگرانی) بھی مکمل کر لی ہے۔
🔶 انسپکٹر جنرل آف پولیس (IGP) بلوچستان کے دفتر نے تمام متعلقہ ڈی آئی جیز (DIGs) اور ایس ایس پیز (SSPs) کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں سیکیورٹی کے انتظامات کو انتہائی سخت اور فول پروف بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
🔶 تمام متعلقہ افسران کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات، احتیاطی تدابیر اور نگرانی (Vigilance) میں اضافے کی تفصیلی رپورٹ اگلے 5 روز کے اندر سینٹرل پولیس آفس میں جمع کرائیں۔ یہ الرٹ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع اور کراچی کے لیے جاری کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔






