کوئٹہ: راکٹ فائرنگ کے بعد شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

0

کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں نامعلوم سمت سے راکٹ فائر کیے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اختر محمد روڈ، شانتی نگر، فقیر محمد روڈ اور میر احمد خان روڈ کے اطراف فائر کیے گئے راکٹس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم سیکیورٹی ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے ہیں۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمران شوکت نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں جبکہ مشتبہ مقامات کی تلاشی بھی جاری ہے۔
حکام کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور تمام متعلقہ یونٹس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں