دوحہ (شوبز نیوز)پاکستان نے ایف آئی وی بی انڈر 17 ورلڈ والی بال چیمپئن شپ میں الجزائر کو تین صفر سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔پاکستان نے الجزائر کے خلاف تینوں سیٹس میں 25ـ17 کے یکساں اسکور سے کامیابی حاصل کی۔قومی ٹیم کی جانب سے فہد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 پوائنٹس اسکور کیے۔ فہد نے اٹیک سے 16 جبکہ بلاک سے 4 پوائنٹس حاصل کیے۔
الجزائر کے خلاف پاکستان نے اٹیک سے 37 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ بلاک کے ذریعے 11 پوائنٹس بنائے۔ قومی ٹیم نے سروس سے 4 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ الجزائر کو سروس سے 2 پوائنٹس ملے۔پاکستان کو حریف ٹیم کی غلطیوں سے بھی 23 پوائنٹس حاصل ہوئے۔پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اس سے قبل چائنیز تائپے کو بھی 3ـ0 سے شکست دی تھی، جبکہ ایران کے ہاتھوں 0ـ3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ 2026 انڈر 17 ورلڈ چیمپئن شپ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 19 سے 29 اگست تک جاری ہے اور راؤنڈ آف 16 کے مقابلے 25 اگست سے شروع ہوں گے۔