ممبئی (شوبز نیوز)سن 2000کی دہائی کے آغاز میں اپنی خوبصورتی، ماڈلنگ اور میوزک ویڈیوز سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ مالینی شرما آج فلمی دنیا کی چکاچوند سے دور ایک بالکل مختلف زندگی گزار رہی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق مالینی شرما کو بالی ووڈ کامیاب ترین فلموں میں سے فلم راز میں بپاشا باسو اور ڈینو موریا کے ساتھ شہرت کی بلندی پر پہنچا دیا تھا۔فلم کے گانے آپ کے پیار میں میں ان کی موجودگی نے خاصی شہرت حاصل کی تھی تاہم فلمی کیریئر عروج کی جانب بڑھنے کے باوجود انھوں نے آہستہ آہستہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔سن 2002 میں وکرم بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم راز کامیاب رہی اور مالینی شرما بھی اس کا حصہ تھیں۔ اسی دوران انہوں نے فلمی دنیا میں مزید کام کرنے کے بجائے اپنی زندگی کا رخ تبدیل کرنا شروع کردیا۔رپورٹس کے مطابق انہوں نے فلم انکاونٹر کی شوٹنگ شروع ہونے سے صرف 48 گھنٹے قبل معذرت کرلی تھی اور فلمی دنیا کو خیرباد کہہ کر ایک مختلف طرز زندگی اختیار کرلی۔فلمی دنیا سے دور ہونے کے بعد اب وہ پونے کے قریب سہیادری پہاڑیوں میں ایک فارم ہاوس چلاتی ہیں۔ یہاں وہ اپنی ضرورت کی سبزیاں خود اگاتی ہیں اور فارم سے حاصل ہونے والی تازہ پیداوار سے مہمانوں کے لیے کھانے بھی تیار کرتی ہیں۔یعنی کبھی فلمی پردے پر نظر آنے والی ملینی اب کیمروں اور فلمی سیٹ کے بجائے کھیتوں، سبزیوں اور پرسکون ماحول میں وقت گزار رہی ہیں۔ اس بات کا انکشاف 23 سال بعد اس وقت ہوا جب ملینی شرما حال ہی میں ایک شو میں کیمرے کے سامنے آئیں اور اپنی زندگی کے تجربات شیئر کیے۔انھوں نے اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں مداحوں کو بتایا کہ راز کے تقریبا 23برس بعد اب وہ اپنی زندگی کی اصل تصویر دکھانا چاہتی ہیں جو بالی ووڈ کی چکاچوند اور گلیمرس دنیا سے دور لیکن فطرت کے نہایت قریب ہے۔