پاکستان شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں داخل ہونے والا ہے، احتیاط ناگزیر

پاکستان شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں داخل ہونے والا ہے، احتیاط ناگزیر 0

پاکستان محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید ہیٹ ویو کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق 08 جون سے فضا میں ایک طاقتور ہائی پریشر سسٹم فعال ہوگا جو 11 جون تک برقرار رہ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں 07 جون سے 12 جون کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔ جنوبی پنجاب، اندرون سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں پارہ 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں بھی شدید گرمی کی لہر کے باعث درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔

شدید گرمی صرف انسانی صحت ہی نہیں بلکہ زراعت، مویشیوں، آبی وسائل اور توانائی کے شعبے کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس دوران ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی، بجلی کی طلب میں اضافے اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ خصوصاً صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور خواتین کا خصوصی خیال رکھیں۔ کسان حضرات اپنی فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات یقینی بنائیں۔

یہ ہیٹ ویو ایک مرتبہ پھر اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ پانی ایک محدود نعمت ہے۔ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے دور میں پانی کے ہر قطرے کی حفاظت قومی ذمہ داری بن چکی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ پانی کا ضیاع روکیں، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی کوشش کریں اور روزمرہ زندگی میں پانی کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دیں۔

تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں