کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں سیاہ رنگ کی مارک ایکس گاڑی پر پولیس فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر ڈی آئی جی کوئٹہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے ایس ایس پی SCIW کی سربراہی میں قائم کردہ انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے، جس کی روشنی میں ملوث تینوں پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ نے اس موقع پر دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پولیس عوام کے تحفظ کی ضامن ہے اور کسی بھی اہلکار کو اختیارات کے ناجائز استعمال یا زیادتی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام شہریوں کی خدمت کرنا ہے اور ایسے واقعات محکمہ پولیس کے وقار کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔
حکام نے یقین دلایا ہے کہ مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا سدباب ہو سکے۔






