بلوچستان میں گرمی کی لہر برقرار: تربت 46، سبی اور گوادر میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچ گیا

0

کوئٹہ(موسمیاتی خبر )بلوچستان بھر میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور صوبے کے جنوبی اضلاع شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید گرم رہے گا۔

آج تربت 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کا گرم ترین علاقہ رہا، جبکہ سبی اور گوادر میں درجہ حرارت 45، نوکنڈی میں 43 اور جیوانی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پارہ 36 ڈگری تک پہنچ گیا، جبکہ زیارت میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات اور طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دن 11 بجے سے شام 4 بجے تک براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں اور ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں۔

ڈاکٹر محمد عمر فاروق کے مطابق، ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے بچنے کے لیے بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، جس کے باعث گرمی کی یہ لہر مزید برقرار رہ سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں