Print & Digital Media

خاران اور واشک میں پاک فوج کے آپریشنز میں فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ڈھیر، 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد

راولپنڈی (آئی ایس پی آر)بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرست یافتہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یہ کارروائیاں 6 اور 7ستمبر کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق6 ستمبر کو دہشتگردوں نے خاران میں سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا گھیرا ئوکیا،فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 7 ستمبر کو واشک کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو موثر انداز میں تباہ کر دیاجبکہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا، جو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی)بنانے میں استعمال کیا جا رہا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.